ہندو برادری کے تہوار ”دیوالی“ کے پرمسرت موقع پر ہندو پنچایت گلشنِ حدید کی جانب سے تھانورانی ہاؤس میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا
کراچی (ظہیر احمد میمن) ہندو برادری کے تہوار ”دیوالی“ کے پرمسرت موقع پر ہندو پنچایت گلشنِ حدید کی جانب سے تھانورانی ہاؤس میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر سسئی پلیجو نے بطورِ خاص شرکت کی۔ اس موقع پر سینیٹر سسئی پلیجو نے مذہبی رواداری اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی دیے روشن کیے اور ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کی خوشیاں منائیں۔ اس دوران سینیٹر سسئی پلیجو نے کہا کہ سندھ کی یہ تاریخی اور خوبصورت روایت رہی ہے کہ یہاں ہندو اور مسلمان صدیوں سے مل جل کر رہتے، ساتھ کھاتے پیتے اور ایک دوسرے کے سکھ دکھ میں برابر کے شریک ہوتے آئے ہیں۔ اگرچہ کچھ مفاد پرست عناصر نے دونوں برادریوں کے درمیان اختلاف پیدا کر کے انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن ہم سندھ کے لوگ مذہبی تعصب سے بالاتر ہو کر صرف انسانیت کی بنیاد پر ایک دوسرے کی رسموں، رواجوں اور ثقافت کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی رواداری اور امن سندھ کی حقیقی شناخت اور سندھی تہذیب کا اہم جزو ہے۔ سسئی پلیجو نے تقریب میں موجود ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد بھی پیش کی۔ تقریب میں ہندو پنچایت گلشنِ حدید کے رہنما کرم چند تھانورانی اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے سینیٹر سسئی پلیجو کی آمد پر ان کا پرخلوص استقبال کیا گیا۔ پنچایت رہنماؤں نے سسئی پلیجو کی تقریب میں شرکت اور ہندو برادری کے ساتھ خوشیاں بانٹنے پر ان کا بالخصوص شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ہندو پنچایت کے رہنما بختو مل کھتری، اسد پلیجو اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
Comments
Post a Comment