ضلع ٹھٹہ میں محکمہ لائیو اسٹاک کی مبینہ غفلت و کروڑوں روپے کی کرپشن، وبائی امراض کے باعث ہزاروں مویشی ہلاک، غریب مال مویشی پالنے والے شدید پریشانی کا شکار
ٹھٹھہ - سرپرستِ اعلیٰ کلیم اللہ چانڈیو ۔
ضلع ٹھٹھہ سمیت سندھ بھر میں گوشت، سبزیاں و گندم کا آٹا مہنگا ہونے سے غریب عوام فاقہ کشی و ذہنی بیماریوں کا شکار ہوکر خودکشیاں کرنے لگے۔تفصیلات کے مطابق ضلع ٹھٹھہ سمیت سندھ بھر میں گوشت اور سبزیوں کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں، جس کے باعث غریب عوام شدید غربت اور مہنگائی کے سبب بھوک و افلاس کا شکار ہو کر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
یاد رہے کہ غریب عوام کی قوتِ خرید ختم ہونے کے باعث بازار بھی ویران دکھائی دینے لگے ہیں۔ سبزی، پھل اور گوشت فروخت کرنے والے چھوٹے اور غریب تاجر بھی کاروباری مندی اور مالی مشکلات کے باعث شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔دوسری جانب ضلع ٹھٹھہ سمیت سندھ بھر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی غربت، مہنگائی، بے روزگاری، مفلسی اور معاشی بحران کے باعث غریب اور مستحق عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ بعض افراد معاشی دباؤ اور ذہنی پریشانیوں کا شکار ہو رہے ہیں اور بھوک، بے روزگاری اور مہنگائی سے تنگ آ کر خودکشی جیسے انتہائی اقدامات کی طرف جانے کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں۔
ضلع ٹھٹھہ سمیت سندھ بھر میں سبزیوں کے نرخ بڑھنے کے بعد پیاز 200 روپے فی کلو، ٹماٹر 200 روپے فی کلو، بڑا گوشت 1500 روپے فی کلو، بکرے کا گوشت 3000 روپے فی کلو جبکہ آٹا 150 روپے فی کلو تک پہنچنے کے باعث ایک طرف غریب عوام کی قوتِ خرید ختم ہوتی جا رہی ہے، تو دوسری طرف بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔فروٹ، سبزی اور گوشت فروخت کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والے چھوٹے دکاندار بھی کاروباری مندی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث فاقہ کشی اور شدید پریشانی کا شکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق مویشیوں کی افزائش، صحت اور تحفظ کے لیے کروڑوں روپے کا بجٹ رکھنے والے محکمہ لائیو اسٹاک ضلع ٹھٹھہ کے افسران کی جانب سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے بجٹ کے اخراجات صرف کاغذوں میں ظاہر کرنے، مویشیوں کی مناسب دیکھ بھال، تحفظ اور بروقت علاج نہ کرنے کے باعث اس وقت ضلع ٹھٹھہ کے کوہستانی اور ساحلی علاقوں سمیت مختلف مقامات پر مویشیوں میں وبائی امراض پھیلنے سے ہزاروں جانور بغیر علاج کے تڑپ تڑپ کر ہلاک ہونے کا تشویشناک انکشاف ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق کوہستان کے مختلف شہروں جھمپیر، جنگ شاہی، مالماڑی، ساحلی پٹی کے شہروں کیٹی بندر، گھارو، بگھان، میرپور ساکرو کے علاوہ گجو، چلیا، چھتو چند، فقیر گوٹھ سمیت ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں میں محکمہ لائیو اسٹاک کے مبینہ بدعنوان افسران کی جانب سے کروڑوں روپے کے بجٹ میں خوردبرد کرتے ہوئے ادویات کی خریداری، ویکسینیشن، سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول اور جانوروں کے تحفظ کے نام پر جعلی کیمپوں کے ذریعے عملی اقدامات کرنے کے بجائے مبینہ طور پر جعلی اور بوگس بلوں کی مدد سے بڑے پیمانے پر کرپشن کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔محکمہ لائیو اسٹاک کی مبینہ غفلت اور بروقت علاج، حفاظتی اقدامات اور ویکسینیشن نہ ہونے کے باعث ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں میں ہزاروں مویشی بیماریوں کا شکار ہوکر ہلاک ہوچکے ہیں، جس کے نتیجے میں ضلع بھر کے غریب مال مویشی پالنے والے افراد کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور وہ شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔حال ہی میں یونین کونسل گجو کے گاؤں شوکت لٹائی جوکھیو میں بھی اچانک مویشیوں میں وبائی امراض پھیلنے کے باعث محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے بروقت علاج اور ویکسینیشن نہ کیے جانے کے نتیجے میں متعدد جانور تڑپ تڑپ کر ہلاک ہوچکے ہیں۔دوسری جانب ضلع ٹھٹھہ کی باشعور سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے گورنر سندھ، ڈائریکٹر جنرل نیب اور ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں میں مویشیوں کے علاج اور تحفظ کے لیے فوری طور پر طبی کیمپ قائم کیے جائیں، جبکہ محکمہ لائیو اسٹاک ٹھٹھہ کا مکمل ریکارڈ تحویل میں لے کر شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور کروڑوں روپے کی مبینہ میگا کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان کا کڑا احتساب کیا جائے۔

Comments
Post a Comment