علامہ اقبال کی شخصیت کو سمجھنے کے لیے ان کی والدہ امام بی بی کو یاد کرنا ضروری ہے۔ وہ معاملہ فہم، سمجھ دار اور مدبر خاتون تھیں، اور ان کی سب سے نمایاں خوبی غریبوں کی مدد اور ان سے ہمدردی تھی۔ ایک ماں کا یہی کردار بعد میں اقبال کے دل میں انسانیت کے درد اور محروموں کے لیے احساس کی صورت میں جھلکتا ہے۔
تحریر
بیورو چیف
محمد سلیم
امام بی بی: ایک مدبر ماں، ایک روشن تربیت
علامہ اقبال کی شخصیت کو سمجھنے کے لیے ان کی والدہ امام بی بی کو یاد کرنا ضروری ہے۔ وہ معاملہ فہم، سمجھ دار اور مدبر خاتون تھیں، اور ان کی سب سے نمایاں خوبی غریبوں کی مدد اور ان سے ہمدردی تھی۔ ایک ماں کا یہی کردار بعد میں اقبال کے دل میں انسانیت کے درد اور محروموں کے لیے احساس کی صورت میں جھلکتا ہے۔
امام بی بی کی حافظِ قرآن ہونا ان کی زندگی کا ایک روشن پہلو ہے۔ قرآن کی تلاوت اور اس کے مفہوم سے وابستگی نے ان کے گھر کے ماحول کو دینی سوچ اور اخلاقی بلندی سے بھر دیا۔ یہی وہ فضا تھی جس میں بچپن کے اقبال کے ذہن نے دین، ادب اور فکر کے بیج قبول کیے۔ اقبال کی بعد کی شاعری میں قرآن سے گہری وابستگی اور اس کی تعلیمات کی گونج اسی ابتدائی تربیت کا تسلسل محسوس ہوتی ہے۔امام بی بی کی تربیت نے اقبال کو یہ سکھایا کہ علم کے ساتھ کردار بھی ضروری ہے، اور دنیا کی آسائش سے زیادہ دوسروں کے کام آنا اہم ہے۔ ان کی وفات 9 نومبر 1914ء کو سیالکوٹ میں ہوئی اور انہیں امام علی الحق رحمۃ اللہ علیہ کے مزار سے ملحقہ قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ اس کے بعد اقبال نے ان کی یاد میں نظم "والدۂ مرحومہ کی یاد میں" لکھی، جس کا آخری شعر آج بھی قبروں کے کتبوں پر سب سے زیادہ لکھا جاتا ہے:
آسماں تری لحد پر شبنم افشانی کرے
سبزۂ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
ایک ماں کی دعاؤں اور تربیت کا اثر نسلوں تک جاتا ہے، اور امام بی بی کی زندگی اس حقیقت کی روشن مثال ہے۔ اقبال کو ان کی ماں نے جو سبق دیے، وہی آج بھی ہماری اجتماعی یادداشت کا حصہ ہیں۔
Comments
Post a Comment